بنگلورو۔31؍دسمبر(ایس او نیوز) عدالت کی طرف سے اکرما سکرما اسکیم کے نفاذ کو منظوی دینے کے ساتھ ہی اسکیم کا نوٹی فکیشن جاری کرنے کے سلسلے میں آج وزیر اعلیٰ سدرامیا نے اپنے کابینی وزراء اور دیگر اعلیٰ سرکاری افسران کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی ، اس میٹنگ میں وزیر شہری ترقیات وحج جناب روشن بیگ ، وزیر برائے ترقیات بنگلور کے جے جارج، وزیر بلدی انتظامیہ ایشورکھنڈرے اور دیگر اعلیٰ افسران موجود تھے۔ اکرما سکرما اسکیم کا چیلنج کرتے ہوئے مختلف رضاکار تنظیموں کی طرف سے دائر عرضیوں کو ہائی کورٹ کی طرف سے خارج کردئے جانے کے بعد اس سلسلے میں سپریم کورٹ میں ایک کے ویٹ درج کرنے پر بھی آج کی میٹنگ میں تبادلۂ خیال کیاگیا۔ جلد از جلد اکرما سکرما اسکیم کو نافذ کرنے کا فیصلہ لیتے ہوئے اس سلسلے میں ضروری شرائط وضوابط وضع کرنے افسران کو ہدایت دی گئی۔اکرما سکرما اسکیم کو صرف شہری علاقوں تک محدود رکھنے کی بجائے دیہی علاقوں میں بھی اسے موثر طو ر پر لاگو کرنے پر بات چیت کی گئی۔ میٹنگ میں محکمۂ شہری ترقیات ، بی ڈی اے ، بی بی ایم پی ، محکمۂ بلدی انتظامیہ اور محکمۂ مالگذاری کے افسران موجود رہے۔